ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور پلے بیک سنگر آشا بھوسلے آج اپنی 83 ویں سالگرہ منا رہی ہیں ۔ آشا بھونسلے نے فنی کیرئیر کا آغاز 10 سال کی عمر میں مراٹھی فلم کے گانے سے کیا۔
چلبلی، نٹ کھٹ اور شرارت بھری آواز سے آشا نے کروڑوں دلوں کا چین چرایا۔ آشا نے 20 سے زیادہ زبانوں میں 12 ہزار گانے ریکارڈ کروائے۔ موسیقار آر ڈی برمن کی کمپوزیشن میں ریکارڈ گانوں نے آشا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
بھارت کی صف اول گلوکاروں میں شامل آشا بھوسلے کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہے۔ وہ پدما بھوشن اور دادا صاحب پھالکے سمیت درجنوں ملکی و غیر ملکی اعزازات و ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔ 2013 میں آشا کی پہلی فلم مائی سینما گھروں کی زینت بنی جس میں ان کی کارکردگی کو شائقین نے بے حد سراہا۔