ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی سری لنکن اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو ہندی فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار قرار دیدیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سری لنکن حسینہ اب ہالی ووڈ میں بھی جلوے بکھیرنے کے لیے تیار ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ جیکولین فرنینڈس اب ہالی ووڈ کی نئی فلم ’’ Definition of Fear ‘‘(خوف کی تعریف ) تھرلر فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی‘ یہ انگلش فلم سسپنس تھرلر مووی ہوگی جس کو جیمز سمپسن ڈائریکٹ کریں گے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں۔
کہ جیکولین فرنینڈس اپنی آنے والی فلم ’’رائے‘‘ کی ملائشیاء میں شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اس ہالی ووڈ فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیں گی۔ بالی ووڈ کی چند ایک اداکارائیں ہی ہیں جنھوں نے ابھی تک ہالی ووڈ فلموں میں بھی کام کیا ہے جن میں ایشوریا رائے‘ پریتی زنٹا‘ ملکہ شیراوت اور تبو شامل ہیں‘ اب جیکولین فرنینڈس ہالی ووڈ میں اپنے مستقبل پر نظر جمائے ہوئے ہیں۔
ان کی سلمان خان کے ساتھ حالیہ فلم ’’کک ‘‘ میں شاندار اداکاری نے ہالی ووڈ کے ڈائریکٹر کا دل جیت لیا ہے۔ دوسری طرف جیکولین فرنینڈس کو ہندی فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار بھی قرار دیدیا گیا ہے۔
29 سالہ اداکارہ کی لگاتار 5 فلمیں کامیاب ہوئی ہیں۔ سابق مس سری لنکا جیکولین نے ماڈلنگ میں کامیابی کے بعد فلم نگری کا رخ کیا۔ آغاز میں انھیں زیادہ کامیابی اور شہرت حاصل نہ ہوئی لیکن رواں سال سلمان خان کے ساتھ فلم ’’کِک ‘‘ کی کامیابی نے انھیں مقبول ترین اداکارہ بنا دیا ہے۔
جیکولین نے 2010ء میں فلم ’’ہاؤس فل ‘‘ میں اداکاری کی، یہ ان کی پہلی کامیاب فلم تھی۔ اس کے بعد انھوں نے ’’مرڈر 2 ‘‘ ، ’’ہاؤس فل 2 ‘‘، ’’ریس 2 ‘‘ اور ’’کِک ‘‘ میں اداکاری کی اور یہ تمام فلمیں بھی کامیاب ثابت ہوئیں۔ ان دنوں وہ فلم ’’رائے ‘‘ میں اداکاری کر رہی ہیں۔ اس فلم میں ان کے مقابل رنبیر کپور اور ارجن رامپال اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ اس کے علاوہ وہ فلم ’’بنگستان ‘‘ اور ’’اکارڈنگ ٹو میتھیو ‘‘ میں بھی کام کر رہی ہیں۔
جیکولین کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’’کِک ‘‘ بالی ووڈ میں سب سے جلد 100 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ان کی مقبولیت کا گراف تیزی سے بلند ہوا اور وہ کترینہ کیف، دیپیکا پڈوکون اور کرینہ کپور سے بھی آگے دکھائی دیتی ہیں۔
خبروں کے مطابق اب فلمساز کرن جوہر انھیں اپنی اگلی فلم میں شامل کرنے جا رہے ہیں جس میں ان کے مقابل رتھک روشن کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ بالی وڈ کے دیگر بڑے بینرز بھی انھیں اپنی فلموں کا حصہ بنانے کے لیے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔