راولپنڈی،سوات (جیوڈیسک) پاک فوج کی بمباری اور جھڑپوں میں 26 دہشت گرد ہلاک، 6 ٹھکانے، اسلحہ و بارود کا بھاری ذخیرہ تباہ ہو گیا جبکہ کالعدم تحریک طالبان کے 2 دھڑوں میں لڑائی سے بھی 3 جنگجو مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا آپریشن ضربِ عضب کامیابی کیساتھ جاری ہے، دتہ خیل میں فضائی کارروائی کی گئی جس سے11 شدت پسند ہلاک جبکہ انکے2 ٹھکانے تباہ ہو گئے، قبل ازیں خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں نے کالعدم تحریک طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، بمباری سے 10 دہشت گرد ہلاک اور 4 ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔
فضائی کارروائی میں اسلحہ وگولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ ہوا۔ وادی تیراہ میں ہی کالعدم طالبان کے 2 دھڑےآپس میں لڑپڑے، جھڑپ میں 3 جنگجو ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق جھڑپ کالعدم تحریک طالبان کے مہمند اور اورکزئی گروپس کے درمیان ہوئی جبکہ لڑائی میں دونوں گروپوں کا جانی نقصان ہوا، اسی دوران باڑہ میں سڑک کنارے بم نصب کرنیوالے لشکر اسلامی کے 2 دہشت گرد امن لشکر کے ہاتھوں مارے گئے۔
ادھر سوات کی تحصیل چار باغ میں فورسز کیساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس پر بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔