کتاب ذہن کے بند دریچے کھولنے کا ذریعہ ہے : زبیر صفدر

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ کتاب ذہن کے بند دریچے کھولنے کا ذریعہ ہے، کتاب سے دوستی قوموں کو ترقی کے میدا ن میں قیادت کی طرف لے جاتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام کتاب میلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مطالعے کا شوق تعلیم اور تحقیق کے میدان میں کامیابیوں کے میدان میں جھنڈے گاڑنے کا راستہ ہے۔ طلبہ مطالعے سے دور ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے مثبت سرگرمیاں کمی کا شکارر ہیں ، قوم کو ڈائون لوڈنگ کلچر نے تحقیق سے دور کردیا ہے سرکاری کالجز اور جامعات کی لائبریرز میں کتب کی کمی اور ان کی ناگفتہ بہ صورت حال نے جلتی پہ تیل کا کام کیا ہے، علم دوست سرگرمیوں کے انعقاد کا سہر ااسلامی جمعیت طلبہ کے سر جاتا ہے ، طلبہ سیاست میں جمعیت نے ہمیشہ ان سرگرمیوں کے ذریعے کردار ادا کیا ہے اور طلبہ کے دلوں میں جگہ بنائی ہے، کتاب میلے میں دو سو کے قریب پبلشرز اور تعلیمی اداروں نے اپنے اسٹال لگائے جبکہ وزیر خزانہ اور صوبائی سنئیر وزیر سراج الحق اورناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر سہیل بابر راہی نے بھی خطاب کیا۔