تحریر: محمد ارشد قریشی دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں 23 اپریل کتاب کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے جبکہ امریکہ اور برطانیہ میں 4 مارچ کتاب کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کتابوں کے عالمی دن کا آغاز 1616ءمیں اسپین سے ہوا ،اسپین کے شمال مشرق کیٹولینا میں ہر سال 23 مارچ سے 25 مارچ تک لوگ اپنی عزیز خواتین کو گلاب کے پھول پیش کرتے اور مشہور ناول، شیکسپئیر کے ڈرامے ایک دوسرے کو سناتے گذرتے وقت کے ساتھ ساتھ یہ روایت دوسرے کئی علاقوں میں بھی مشہور ہوئی جس نے بعد میں کتابوں کے عالمی دن کی شکل اختیار کرلی۔
کتابوں کے عالمی دن منانے کا باقاعدہ آغاز اس وقت سے ہوا جب 1995 میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی جنرل کونسل کا اجلاس جو کہ فرانس میں ہوا جس میں اس ادارے نے 23 اپریل کو ورلڈ بک ڈے اینڈ کاپی رائٹس ڈے قرار دیا جس کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے اسے منانے کا آغاز کیا،کتاب انسان کی زندگی کا لازمی جز ہے اور کتاب کا تعلق انسان سے بڑا پرانا ہے یہ انسان کے علم و ہنر اور ذہنی استعداد میں بھی بے پناہ اضافہ کرتی ہےلیکن ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ کتب بینوں کی تعداد میں روز بروز کمی آرہی ہے جس کی ایک بڑی وجہ مہنگائی جب کہ دوسری اہم وجہ انٹرنیٹ اور موبائیل پر آن لائن کتابوں کی دستیابی ہے۔
Internet Technology
جس طرح انٹرنیٹ ٹیکنالوجی آنے کے بعد ہاتھ سے لکھے اور بذریعہ ڈاک بھیجے جانے خطوط کا سلسلہ بہت کم ہوگیا ہے اسی طرح کتب بینی کے شوق میں بھی کمی ہوئی یہی وجہ ہے کہ اب کتابوں کی رونمائی کے پروگراموں میں بھی کافی کمی آچکی ہے اس بات میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ کتابیں اب بھی شائع کی جارہی ہیں اور آج بھی کتابوں کو پڑھنے والے قدر دان موجود ہیں جو دستی کتابیں پڑھتے ہیں ،میں اگر کتب بینی کی حوالے سے اس دور کا موازنہ آج سے پندہ بیس سال پہلے کے دور سے کروں تو اس وقت لوگ بہت شوق سے کتابیں پڑھا کرتے تھے اکثر دوران سفر لوگوں کے ہاتھوں میں کوئی نہ کوئی کتاب ضرور ہوتی تھی اور یہ منظر کراچی میں چلنے والی سرکلر ریلوے میں تو بہت زیادہ ہی دیکھائی دیتا تھا۔
لیکن افسوس آج انہیں میں سے کئی ہاتھوں میں صرف موبائیل فون ہی نظر آتا ہے اب ان مسافروں کی ہمسفر کتاب کے بجائے موبائیل فون ہوتے ہیں اس دور میں جہاں کتب بینی اوپر بیان کردہ وجوہات کی وجہ سے معدوم ہوتی جارہی ہے وہیں اس میں کچھ حکمرانوں کی ستم ظریفی بھی ہے جہاں عوامی لائبریریوں کو تیزی سے ختم کرکے اس شوق ہر ایک اور قدغن لگا دیا گیا بہت سی کتابوں کے زخیروں پر مبنی ملک میں نیشنل سینٹر لائبریریوں کو کافی عرصہ سے بند کردیا گیا جہاں ان نیشل سینٹر لائبریریوں میں کتابوں کے پڑھنے والے کتب بینی میں وقت گذارا کرتے تھے وہیں ان سینٹروں میں علمی اور ادبی محفلیں ہوا کرتی تھی۔
Book Prices
اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت نہ صرف کتابوں کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں کردار ادا کرے بلکہ تمام اہم جگہوں پر دوبارہ ان پبلک لائبریریوں کو فوری طور پر بحال کرے تاکہ معاشرے میں لوگوں بل خصوص نوجوان نسل میں مطالعہ کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کیا جاسکےاور اس سنہرے دور کا دوبارہ آغاز کیا جاسکے جب ہر روز ہی علمی اور ادبی محفلیں سجا کرتی تھیں جو معاشرے میں سدھار پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے تھیں۔
آئیے آج سے ہم اپنے آپ سے عہد کریں کہ اچھی کتابوں سے دوستی کرینگے اور رات کو سونے سے پہلے کسی بہترین کتاب کا کچھ حصہ ضرور پڑھیں گے اپنے بچوں میں کتابیں پرھنے کا شوق پیدا کریں اور انہیں اس کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کریں۔