سیالکوٹ (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کی ہر حد پار کی ہے جب کہ سرحدی جارحیت سمیت ملک میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں بھی بھارت ملوث ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیالکوٹ میں ورکنگ باونڈری کا دورہ کیا جہاں انہیں ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کںٹرول کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ، بزدلانہ اور غیر اخلاقی عمل ہے جب کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بناکر دہشت گردی کی ہرحد پار کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ سرحدی جارحیت سمیت ملک میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھی بھارت ملوث ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بھارت نے ورکنگ باونڈری اور لائن آف کںٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرکے بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے رینجرز ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا اور بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دینے پر پنجاب رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا جب کہ جنرل راحیل شریف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔