اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارت کے ساتھ سرحدی کشیدگی پر وزارت خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے،جس میں مستقبل کے لائحہ عمل اور بھارتی الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دریں اثنا وزیر اعظم نے چاروں صوبائی حکومتوں سے عید کا سیکورٹی پلان طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم آفس کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتیں عید اور چاند رات پر سیکورٹی اقدامات سے آگاہ کریں اور جہاں وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کی ضرورت ہو۔اس بارے میں اطلاع دی جائے۔
وزیر اعظم کی جانب سے مارکیٹوں، عید گاہ اور جیلوں کے لئے بھی ہر ممکن سیکورٹی اقدام کرنے کی ہدائت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جیلوں کے لئے عید کی چھٹیوں پر بھی سخت ترین سیکورٹی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔