بیجنگ (جیوڈیسک) امریکہ کے بعد چین نے بھی جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور سرحدپر جاری کشیدگی کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک صبرو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے صورتحا ل کو کنٹرول کریں اور تصفیہ طلب معاملات کے حل کی طرف بڑھنے کی کوشش کریں۔
بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے جموں کشمیر کی سرحدوں پر پاکستان، بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا بھارت اور پاکستان کا ہمسایہ اور دوست ہونے کی حیثیت سے چین امید کرتا ہے کہ دونوں ملک مشاورت اور بات چیت کے ذریعے صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہونگے۔
ہونگ لی نے نئی دلی اوراسلام آباد پر زور دیا کہ وہ اپنے تمام تصفیہ طلب معاملات سے صحیح ڈھنگ سے نمٹنے کی کوشش کریں۔
ترجمان نے گولہ باری کے حالیہ واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں سے کہا کہ وہ جنوب ایشیائی خطے میں امن، استحکام اور تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں۔