کراچی (جیوڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک سرحدی تجارت میں اضافے کے لئے 25 کروڑ ڈالرقرض فراہم کرے گا، معاہدے پر دستخط سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن کی کانفرنس میں کیے جائیں گے۔
سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن کی پندرویں کانفرنس آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہو رہی ہے ، کانفرنس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر اور ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹین لوگارڈ سمیت چین ، افغانستان ، قازقستان ، منگولیا ، تاجکستان ، ترکمانستان ، ازبکستان اور جورجیا کے وزرا بھی شرکت کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 25 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدہ پر دستخط کیے جائیں گے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک قرض کی رقم سرحدی تجارت میں اضافے کے لئے دے گا ۔ 25 اور 26 اکتوبر کو ہونے والی اس کانفرنس کی سربراہی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں ۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کانفرنس سے تمام ممالک کے باہمی تعاون اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔