واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے اور میکسیکو کے صدر انریک پینا نائٹو نے مجوزہ ملاقات باہمی رضامندی کے ساتھ منسوخ کی ہے جس سے ٹرمپ کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان تعمیر کی جانے والی دیوار کے بارے میں اختلاف مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔
ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ری پبلیکن قانون سازوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ اُنھوں نے میکسیکو پر واضح کر دیا ہے کہ امریکی عوام دیوار پر آنے والے اخراجات برداشت نہیں کریں گے۔
اِس سے قبل گزشتہ روز میکسیکو کے صدر نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے مجوزہ ملاقات منسوخ کر دی جس کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی دیوار کے معاملے پر دوریاں بڑھنے کا خدشہ ہے۔
صدر انریک پینا نائٹا نے اِس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا۔
اُنھوں نے کہا ہے کہ وہ آئندہ منگل وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شرکت نہیں کریں گے۔
گزشتہ روز ہی صدر ٹرمپ نے مشورہ دیا تھا کہ اگر پینا نائٹو سرحدی دیوار پر خرچ ہونے والی رقم کی ادائیگی کرنے سے انکار جاری رکھتے ہیں تو بہتر ہوگا کہ وہ اپنا دورہ منسوخ کردیں۔
دیوار کی تعمیر کے معاملے پر ٹرمپ کا میکسیکو کے ساتھ کافی عرصے سے اختلاف جاری ہے۔جون 2016ء میں اُنھوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پہلی بار اعلان کیا تھا کہ وہ یہ دیوار تعمیر کریں گے جس کے لیے میکسیکو کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ اس پر آنے اخراجات کی ادائیگی کرے۔