باس کے سست اور کاہل کہنے پر ملازم نے نوکری کو لات مار دی

Resign

Resign

کیلیفورنیا: زندگی کے دیگر فیصلوں کی طرح لگی بندھی نوکری چھوڑنا ایک مشکل ترین فیصلہ ہوتا ہے لیکن کچھ لوگ نوکری کو لات مارنے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کی بالکل بھی پروا نہیں کرتے۔

امریکا میں ایک ملازم نے صرف اس لیے نوکری کو لات مار دی کیونکہ باس نے اسے سست اور کاہل قرار دیا۔ امریکا میں مشہور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ریڈٹ‘ پر باس اور ملازم کے درمیان ہونے والی گفتگو لیک ہوئی ہے۔

ریڈٹ پر باس کی جانب سے ملازم کو بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ آج میں نے دفتر میں لگے کیمروں کی ویڈیو سے ہماری شفٹ کا جائزہ لیا جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ اپنی ڈیوٹی کا زیادہ وقت اسٹول پر بیٹھ بیٹھ کر گزارتے ہیں، آپ کا یہ رویہ ناقابلِ برداشت ہے اور اس متعلق ہم کل شفٹ شروع ہونے سے قبل بات کریں گے۔

ملازم نے باس کے اس پیغام کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے بائیں پاؤں کی دو ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، اس کے باوجود میں نے 12 گھٹنے ڈیوٹی کی، مجھے معلوم نہیں کہ اس متعلق آپ کو کتنا علم ہے لیکن ہمارے پاس پیکنگ کے لیے ایک درجہ بندی کی فہرست موجود ہے جو براہ راست ہمارے اسٹیشنوں پر ظاہر ہوتی ہے، اس میں میری کوششوں نے آج مجھے اول مقام دلایا، میری اس متاثر کُن کارکردگی کو پس پشت ڈال دیا گیا۔

ملازم کے جواب سے باس سخت ناخوش ہوئے اور کہا کہ اس طرح کا رویہ کہیں بھی قابل قبول نہیں ہے۔ ملازم نے کہا کہ مجھے اس سے سروکار نہیں ہے، دفتر کا ماحول زہریلا ہے جس کی قیادت میں جاہل لوگ موجود ہیں۔

باس نے کہا کہ ہمیں اس معاملے میں جلد بازی کی ضرورت نہیں، ہم اس مسئلے کو کل صبح حل کر سکتے ہیں۔ تاہم ملازم نے اس تجویر کو مسترد کرتے ہوئے باس کو الواداعی پیغام ارسال کر دیا۔