اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کو عوام کی حمایت حاصل نہیں ، دونوں مارچوں سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،حکومت کوکوئی خطرہ نہیں ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے پر تشدد بیانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت طاہر القادری کی تقریر کا قانونی جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے لا قانونیت کے جو ارادے ظاہر کیے ہیں، انہیں قانون کے ساتھ باندھا جائے گا۔
انہوں نے کہا حکومت کا فرض ہے کہ عوام کے تحفظ کے لیے کسی بھی شخص کو لاقانونیت سے روکے، طاہر القادری کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ 14 اگست کو تحریک انصاف کے مارچ کے حوالے سے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ لوگ پکنک منانے کے موڈ میں ہیں، اسلام آباد آئیں حکومت سہولت دے گی تاہم قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔