اب بوتل بتائے گی کہ پانی کب پینا ہے

Bottled

Bottled

فرانس (جیوڈیسک) ماہرین کے نزدیک دن میں کم از کم 8 گلاس پانی پینا صحت کے لئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس سے انسان نہ صرف صحت مند رہتا ہے بلکہ اس کی خوبصورتی بھی برقرار رہتی ہے۔

لیکن اگر آپ کو کام کی مصروفیت کی وجہ سے مطلوبہ مقدار میں پانی پینا یاد نہیں رہتا تو اب فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ فرانس کی بوتل بنانے والی ایک معروف کمپنی وائٹل نے ایسی بوتل ایجاد کرلی ہے جو آپ کو ہر گھنٹے بعد پانی پینے کی یاد دہانی کرا دے گی۔

جی ہاں اس بوتل میں خصوصی طور پر تیار کیا گیا ڈھکن لگایا گیا ہے جس میں ایک ٹائمر بھی لگا ہوا ہے، اس کے علاوہ ایک چھوٹا سا سرخ رنگ کا جھنڈا بھی بوتل کے ڈھکن کے اندر نصب کیا گیا ہے۔ ہر ایک گھنٹے بعد یہ جھنڈا اچانک سامنے آ جاتا ہے اور بوتل کے مالک کو یاد دلاتا ہے کہ اس کے پانی پینے کا وقت ہو گیا ہے۔

پانی پینے کے بعد بوتل کے ڈھکن کو گھمانے سے اس کا ٹائمر دوبارہ سیٹ ہوجاتا ہے اور اس طرح ہر گھنٹے بعد یہ آپ کو پانی پینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بوتل ان افراد کے لئے خاص طور پر فائدہ مند ہے جو اپنے دفتر میں کرسی پر بیٹھ کر مسلسل کام کرتے ہیں یا کئی گھنٹوں تک کتابوں کے مطالعے میں مصروف رہتے ہیں۔