ابوظبی ٹیسٹ‘ پاکستان نے عمدہ بیٹنگ کی، حنیف محمد

Hanif Mohammad

Hanif Mohammad

کراچی (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں کسی بھی دباؤ سے بالاتر ہوکر عمدہ بیٹنگ کی، ناقابل شکست سنچری کے ساتھ کریز پر موجود احمد شہزاد سے مستقبل میں بڑی توقعات ہیں، 500 سے زائد اسکور کرکے میچ پرگرفت مزید مضبوط کی جاسکتی ہے۔

ابو ظبی ٹیسٹ کے ابتدائی دن کا کھیل ختم ہونے پر گفتگو میں سابق بیٹسمین نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اب ہمارے بیٹسمین اسکور کرنے کے عادی ہوتے جارہے ہیں، سینئر کھلاڑیوں خاص طور پر آسٹریلیا کے خلاف کامیاب سیریز میں کلیدی کردار ادا کرنے والے یونس خان نے نوجوان بیٹسمینوں میں ہمت اور عزم پیدا کردیا ہے، محمد حفیظ کی بدقسمتی رہی کہ وہ سنچری سے محروم رہے۔

حنیف محمد نے کہا کہ پہلے دن کے مقررہ 90 اوورز کے کھیل میں محض ایک وکٹ گنوا کر 269 رنز بناکر پاکستان نے اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے، گو نیوزی لینڈ کی بولنگ بہتر رہی لیکن کیچ اور اسٹمپڈ کے مواقع ضائع ہونے سے پاکستان کو فائدہ ملا، لگتا ہے کہ پاکستان اس میچ میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگا، انھوں نے کہا کہ وقت گزرنے ساتھ ٹرن لینے والی وکٹ سے پاکستانی اسپنرز کو فائدہ اٹھانا ہوگا۔