کراچی (جیوڈیسک) سہ روزہ دورے پر آئے ہوئے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان نے کہا ہے کہ 6 جون کو اسلام آباد میں میرے نام سے منسوب باکسنگ اکیڈمی کا قیام خواب کی تعبیرہے، میری خواہش ہے کہ مستقبل میں پاکستان سے بھی عالمی چیمپئن سامنے آئیں، کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عامر خان نے کہا کہ اسلام آباد میں عامرخان باکسنگ اکیڈمی کا قیام خوش آئند ہے، میری خواہش ہے کہ اسلام آباد کے بعد کراچی اورلاہور میں بھی اسی طرز کی باکسنگ اکیڈمیز کا قیام عمل میں آئے، میں رہتا انگلینڈ میں ہوں لیکن میرا دل پاکستانیوں کے لیے دھڑکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان اوراہل پاکستان کی خدمت کا خواہ ہوں، مجھے ہمیشہ یہاں بہت پیار اور محبت ملی جس کے لیے میں بے انتہا شکرگزار ہوں۔
عالمی شہرت یافتہ باکسر نے کہا کہ جمعرات کو اپنی نوعیت کے منفرد انٹرنیشنل باکسنگ مقابلے تھر کے مستحق لوگوں کے لیے 2کنویں لگوانے کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم کا حصہ ہیں، مخیر شخصیات اور اداروں کو اس کار خیر میں آگے آنا چاہیے، باکسنگ مقابلوں میں عامر کے ساتھ دیگر7 انٹرنیشنل باکسرز ایکشن میں دکھائی دیں گے جن میں عامر کے بھائی ہارون ، تاصیف خان ، گلیگر ڈائل، جوڈی میکل، اسٹورٹ میڈوکس، فرانسز پیٹر ڈگلس کروزاور فل ٹائونلے بھی شامل ہیں، ان مقابلوں کو برطانوی اور آئرش باکسنگ اتھارٹی ( بی آئی بی اے ) کی بھی تائید حاصل ہے۔