لاس ویگاس (جیوڈیسک) فلپائنی باکسر مینی پاکیو نے ٹموتھی بریڈلے کو شکست دیکر ورلڈ ٹائٹل واپس چھین لیا، 12 رائونڈز پر محیط اس فائٹ میں انھیں متفقہ فیصلے میں فاتح قرار دیا گیا، اس طرح پاکیو نے 2012 میں امریکی باکسر کے ہاتھوں ملنے والی متنازع شکست کا حساب چکتا کر لیا۔ انھوں نے ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کا ویلٹر ویٹ ورلڈ ٹائٹل دوبارہ حاصل کرلیا، یہ ٹائٹل انھوں نے 9 جون 2012 کو بریڈلے کے ہاتھوں گنوا دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لپائنی باکسر مینی پاکیو نے ٹموتھی بریڈلے کو شکست دیکر ورلڈ ٹائٹل واپس چھین لیا، پیک مین کی عرفیت رکھنے والے پاکیو نے اس مقابلے میں گارڈن ایرینا میں موجود 15601 شائقین سے بھرپور داد وصول کی، پہلے رائونڈ میں کانٹے دار مقابلے کے بعد دوسرے رائونڈ میں فلپائنی باکسر چھائے رہے، تیسرے رائونڈ میں دونوں باکسرز نے ایک دوسرے پر خطرناک حملے کیے، تاہم چوتھے رائونڈ میں بریڈلے نے ایشین باکسر کو حیران کیا، پاکیو نے کہا کہ بریڈلے اپنی پہلی فائٹ کے مقابلے میں اس مرتبہ مجھے قدرے بہتر لگا، اس نے میری ٹھوڑی پر کئی وار کیے، 11 ویں رائونڈ میں دونوں باکسرز کے درمیان مکوں کے تبادلے سے شائقین خاصے محظوظ ہوئے، اختتامی رائونڈ میں پاکیو نے حریف کی بائیں آنکھ پر زخم لگا دیا۔
جج گلین ٹرائو برچ نے پاکیو کو اس مقابلے میں 118-110 سے فاتح گردانا جبکہ دیگردو ججز مائیکل پیرنیک اور کریگ میٹ کالف نے یکساں طورپر 116-112 اور 116-112 سے فیصلہ پاکیو کے حق میں دیا،حالیہ فتح کے بعد مینی پاکیو کا کیریئر ریکارڈ 56-5 ہو گیا، دو مقابلے ڈرا بھی ہوئے، پاکیو اگرچہ 2009 سے اپنے کسی حریف کو ناک آئوٹ نہیں کرپائے ہیں لیکن حالیہ فتح نے انھیں خاصا اعتماد بخشا ہے ، وہ اس مقابلے میں زیادہ پرجوش اور جارحانہ انداز میں دکھائی دیے، جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مینی پاکیو نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ میں مزید دو برس باکسنگ کے کھیل میں موجود رہ سکتا ہوں، انھوں نے آٹھ مختلف ویٹ کیٹیگریز میں ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا، انھوں نے مزیدکہا کہ میں دوبارہ ورلڈ چیمپئن بننے پر بہت مسرور ہوں، ٹم بریڈلے سے یہ فائٹ قطعی آسان نہیں تھی، شکست خوردہ بریڈلے نے کہا کہ پہلے رائونڈ میں پنڈلی میں پیش آنے والی انجری کے باوجودمیں نے مقابلہ مکمل کیا، ان کا کیریئر ریکارڈ 31-1 ہے، جس میں 12 ناک آئوٹس فتوحات بھی شامل ہیں۔