لڑکا لڑکی پر تشدد کا کیس: وفاقی حکومت کا خود کیس کی پیروی کا فیصلہ

Violence Case

Violence Case

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں لڑکا لڑکی پر تشدد کے کیس کی خود پیروی کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیس کی پیروی سے متعلق اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پیروی کا فیصلہ متاثرہ لڑکی کے ملزمان کو نہ پہچاننے کے تناظرمیں کیا، ناقابل تردید ویڈیو اور فارنزک شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں اور بے لباس کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہو گا۔

اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں پیش آئے واقعے کے کیس کی 11 جنوری کی سماعت میں متاثرہ لڑکی کی جانب سے عدالت میں اسٹامپ پیپر جمع کرایا گیا۔

متاثرہ لڑکی نے عدالت میں بیان دیا کہ پولیس نے یہ سارا معاملہ خود بنایا ہے، میں نے بیان حلفی کسی کے دباؤ میں آکرنہیں دیا، میں نے کسی بھی ملزم کو نہ شناخت کیا اور نہ ہی کسی پیپر پر دستخط کیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں سوشل میڈیا پر لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے تشدد کرنے والے بااثر ملزم عثمان مرزا سمیت کئی افراد کو گرفتار کیا تھا۔