لاہور (جیوڈیسک) بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے سربراہ براہمدغ بگٹی نے انٹرویو دیتے ہوئے بلوچستان کے مسئلے پر مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا بلوچ عوام چاہتے ہیں تو وہ آزاد بلوچستان کے مطالبے سے دستبرداری کے لیے تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا بلوچستان کے حوالے سے تمام معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ بلوچ عوام کو ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے۔ پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کا طریقہ کار غلط ہے تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا لندن میں موجود وزیر داخلہ چودھری نثار ملنا چاہیں تو ہم اس کے لیے تیار ہیں کیونکہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور مسائل کا سیاسی حل چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نوابزادہ براہمداغ بگٹی کے انٹرویو کا خیر مقدم کیا ہے۔ دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت براہمداغ بگٹی سمیت تمام ناراض بلوچ بھائیوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ ہمارا شروع دن سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی انداز میں حل ہوگا۔
موجودہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ بلوچستان مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان میں لگی آگ جلد ازجلد بجھ جائے۔ بلوچستان میں ماضی بہت خون بہہ چکا ہے اب زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت عسکری قیادت صوبے کے مسئلے پر ایک صفحے پر ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی تعمیر وترقی میں سب مل کر اپنا کردار ادا کریں۔