کراچی (جیوڈیسک) حبیب بینک کا کینیا میں اپنے برانچ آپریشنز 1 کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں فروخت کرنے کا امکان ، پاکستانی بینک کا ڈائمنڈ بینک آف کینیا کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا۔
حبیب بینک لمیٹڈ 60 سال کے بعد کینیا میں اپنے آپریشن اور بزنس کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے حبیب بینک اور ڈائمنڈ بینک آف کینیا کے درمیان معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔
ڈائمنڈ بینک حبیب بینک کی کینیا میں موجود برانچز اور آپریشن 1 کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے ، حبیب بینک ڈائمنڈ بینک میں مزید 1 کروڑ 32 لاکھ حصص وصول کرے گا جس کے بعد حبیب بینک کا ڈائمنڈ بینک میں حصہ تقریبا 12 فیصد سے بڑھ کر 16 فیصد ہوجائے گا۔
حبیب بینک کے کینیا میں برانچ آپریشنز فروخت کرنے کی اسٹیٹ بینک نے منظوری دے دی ہے مگر کینیا کے ریگیولیٹر کے جانب سے اس ٹرانزیکشن کی باقائدہ منظوری ابھی باقی ہے۔