فلوریانو (جیوڈیسک) برازیل میں پولیس اہلکار نے ملک کے مشہور سرفر کو اس کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ 24 سالہ رِکارڈو ڈس سینٹوس کو ایک پولیس اہلکار اور ایک دوسرے شخص سے تکرار کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔
پولیس اہلکار اس وقت اپنی ڈیوٹی پر نہیں تھا تاہم اس کا کہنا ہے کہ اپنے دفاع میں یہ قدم اٹھایا۔ رِکارڈو ڈس سینٹوس کو زخمی حالت میں ہپستال منتقل کیا گیا جہاں ان کے چار آپریشن کئے گئے لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکے۔
رِکارڈو ڈس سینٹوس کو 2012ء میں اس وقت مقبولیت ملی جب انھوں نے 11 بار سرفنگ کے عالمی چیمپیئن کو شکست دی۔ برازیل کے جنوبی شہر فلوریانو پولس میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں کہ پولیس اہلکار نے رِکارڈو ڈس سینٹوس پر حملہ کیوں کیا۔
رِکارڈو ڈس سینٹوس نے اپنے گھر کے باہر ساحل سمندر پر جب دونوں افراد کو اونچی آواز میں موسیقی سننے اور منشیات استعمال کرتے دیکھا تو انھیں وہاں سے جانے کا کہا۔ ایک اور اطلاع کے مطابق رِکارڈو ڈس سینٹوس کو اس وقت گولی ماری جب وہ ان افراد سے اپنے مکان کی حدود میں گاڑی کھڑی کرنے پر بات کر رہے تھے۔
پولیس افسر پر ابھی الزام عائد نہیں کیا گیا اور ان کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے دفاع میں یہ قدم اٹھایا۔