ریو ڈی جنیرو (جیوڈیسک) برازیلی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کی ”سیکو” نامی ایک کتا آٹھ دن تک ہسپتال کے دروازے پر بیٹھا اپنے مالک کی بخیریت واپسی کا بے تابی سے انتظار کرتا رہا۔ آٹھ روز بعد جب اس نے اپنے مالک کو وہیل چیئر پر دیکھا تو وہ اس سے اس طرح لپٹ کر لاڈ پیار کرنے لگا جیسے اسے کل کائنات مل گئی ہو۔ رپورٹ کے مطابق 31 مارچ کو جنوبی برازیل کی ریاست ریو گرانڈے ڈوسول کے شہر پاسو فونڈو میں 55 سالہ لاوری ڈاکوسٹا راہ چلتے ہوئے سر میں ایک پتھر لگنے سے زخمی ہو گیا جسے راہ گیروں نے قریبی ہسپتال پہنچایا تو اس کا کتا بھی ہسپتال کی طرف اس کے ساتھ گیا۔ ڈاکوسٹا کے سر میں لگا زخم گہرا تھا جس کی سرجری کی گئی لیکن ڈاکٹروں کو پتہ چلا کہ اسے کینسر بھی ہے۔ ڈاکٹروں نے کینسر کا ناسور ختم کرنے کے لیے مزید چند دن اسے ڈسچارج نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس طرح کتے کو اپنے مالک کی خیر خبر کا پتہ نہ چل سکا لیکن وہ ہسپتال کے دروازے سے باہر آنے والے ہر شخص کو توجہ سے دیکھتا۔ آٹھ دن بعد ہسپتال کے عملے نے ڈاکوسٹا کو بتایا کہ اس کا ایک کتا ہسپتال کے مرکزی دروازے پر بیٹھا ہے۔ ڈاکوسٹا وہیل چیئر پر”سیکو” کے پاس پہنچا۔ مالک کو دیکھتے ہی کتے نے اچھل کود شروع کر دی اور چھلانگ لگا کر اس کی گود میں جا بیٹھا۔ مالک کو بھی اپنے اس “عاشق” کتے کی حالت پر بہت دکھ ہوا۔ اس نے کتے کی کمر پر ہاتھ پھیرا اور اسے تسلی دی۔