برازیل میں ایک شخص دماغ میں چاقو گھسنے کے بعد بھی معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا

Jukelo Nan

Jukelo Nan

برازیلیا (جیوڈیسک) مثال ہے جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے اوراس کا عملی مظاہرہ برازیل میں اس وقت دیکھنے میں آیا جب لڑائی کے دوران ایک شخص کے دماغ میں 30 سینٹی میٹر لمبا چاقو گھونپ دیا گیا لیکن پھر بھی وہ معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔

بے شک زندگی اور موت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے اور اس میں کوئی شک بھی نہیں کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے اور ایسا ہی کچھ ہوا برازیل میں ایک شخص کے ساتھ جب لڑائی کے دوران اس کے سر میں گھونپا گیا چاقو 30 سینٹی میٹراندر تک چلا گیا۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ 39 سالہ جوکیلو نن ایک پارٹی میں شریک تھا اس دوران اس کا جھگڑا ہو گیا جس پر ایک شخص نے چاقو نکال کر اس پر اندھا دھند وار شروع کردیئے اور 30 سینٹی میٹر لمبا چاقو اس کی داہنی آنکھ کے قریب سے ہوتا ہوا دماغ میں جا گھسا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوکر گرگیا لیکن متاثرہ شخص نے ہمت نہیں ہاری اور 3 گھنٹے کا سفرطے کرکے جب اسپتال پہنچا تو ڈاکٹراسے دیکھ کر حیران رہ گئے اور فوری طور پر اسے آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا جہاں ایک طویل آپریشن کے بعد سر میں لگا چاقو نکال دیا گیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ جوکیلو نن کا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے کیونکہ چاقو لگنے سے اس کے دماغ کی رگیں شدید متاثر ہوئیں اور اس طرح کے واقعات میں انسان کی فوری موت واقع ہوجاتی ہے۔