ساؤپاؤلو (جیوڈیسک) برازیل نے ساؤ پاؤلو کے ورلڈ کپ اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام روک دیا، کورنتھیانز ارینا پر ایک اور مزدور ہلاک ہونے کے بعد نئے معائنے تک عارضی گیلریوں کی تعمیر نہیں ہو گی۔ ساؤپاؤلو اسٹیڈیم کی تعمیر میں اب تک 3 جبکہ پورے برازیل میں ورلڈ کپ وینیوزکے تعمیراتی کاموں میں 7 مزدور جان گنوا بیٹھے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برازیلین حکومت نے ساؤ پاؤلو کے ورلڈ کپ اسٹیڈیم پر ایک اور مزدور کی ہلاکت کے بعد 2 عارضی گیلریوں کی تعمیر کا کام روک دیا، میزبان اورکروشیا کے مابین ورلڈ کپ افتتاحی میچ کیلیے استعمال ہونے والے کورنتھیانز کلب اسٹیڈیم کا نیا معائنہ ہو گا۔
مزدور گذشتہ ہفتے 26 فٹ بلندی سے گر کر ہلاک ہو گیا تھا، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نے حفاظتی لباس نہیں پہنا تھا جبکہ منتظمین نے اس کی تردید کردی ہے۔ گذشتہ نومبر میں 2 مزدور ایک کرین کے گرنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔