برازیلیا (جیوڈیسک) برازیلین اسٹار نیمار کولمبیا کے خلاف میچ ختم ہونے سے محض دو منٹ قبل کمر میں فریکچر کا شکار ہوئے۔ ڈاکٹر نے تصدیق کرتے ہوئے نیمار کو چند ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ سے باہر ہونا پڑا۔ ابتدائی علاج کے بعد برازیلین اسٹار کو انکے گھر منتقل کر دیا گیا۔
نیمار نے ویڈیو میسج میں اپنے مداحوں کی نیک تمناؤں اور دعاؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شائقین کو برازیل کی ٹیم کی فتح کا یقین دلایا تو دوسری جانب ورلڈ کپ کے اسٹار کھلاڑی نیمار کا ایونٹ سے باہر ہو جانے کو میزبان برازیل کی ریڑھ کی ہڈی کا ٹوٹ جانا کہا جانے لگا۔
نیمار کی انجری کے بعد برازیلین ٹیم کے کوچ فلپ اسکولاری کے لیے سب سے بڑا مسئلہ جرمنی کے خلاف ہونے والے سیمی فائنل کے لیے نیمار کا صحیح متبادل تلاش کرنا ہے۔ ویلین، برنارڈ، لوئس گستواؤ، ریمیرس، کو مضبوط امیدوار قرار دیئے جانے لگا ہے۔
نیمار نے اس ورلڈ کپ میں برازیل کی طرف سے سب سے زیادہ 4 گول کئے ہیں۔ برازیل کی ٹیم اپنے سٹار کھلاڑی کے بغیر منگل کو سیمی فائنل میں جرمنی کا سامنا کرے گی۔