ریو ڈی جنیرو (جیوڈیسک) برازیلین فٹبالر نیمار جونیئر نے ورلڈکپ میچوں کے دوران انجری کا ڈرامہ کرنے کے الزامات اور تنقید کو تسلیم کر لیا۔ کہا کہ وہ مایوسی کے عالم میں ایسا کر جاتے ہیں اور اس کیفیت سے نمٹنے کیلئے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دنیائے فٹبال کے سٹار برازیلین کھلاڑی نیمار نے اعتراف کر لیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2018 کے مقابلوں کے دوران انہوں نے ڈائیو لگانے اور غلط فاؤلز لینے کی خاطر گرتے ہوئے ڈرامہ کیا۔ نیمار نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ وہ ابھی تک اس کوشش میں ہیں کہ کھیل کے دوران دباؤ اور پریشانی پر قابو پا لیا جائے۔ 90 سیکنڈ دورانیے کی ایک ویڈیو میں نیمار نے کہا کہ آپ کو شاید یہ خیال گزرا ہو کہ میں نے مبالغہ آرائی کی تھی۔ یقینی طور پر کبھی کبھار میں نے یہ کیا، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ کھیل کے دوران مجھے بہت کچھ برداشت بھی کرنا پڑا۔
اس پیغام میں نیمار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان پر کی جانے والی تنقید کو قبول کرنے میں انہوں نے تاخیر کر دی کیونکہ اس کی وجہ یہ رہی کہ انہیں خود پر غور کرنے اور ایک بہتر انسان میں بدلنے میں دیر ہوئی۔ واضح رہے کہ نیمار ماضی میں ہسپانوی کلب بارسلونا کے لیے بھی کھیل چکے ہیں اور انہیں پرتگیزی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے سٹار لیونل میسی کے بعد ایک بہترین کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔