تالا توڑ گروپ نے ایم اے جناح روڈ کی درجنوں دکانیں لوٹ لیں

Markets

Markets

کراچی (جیوڈیسک) چھوٹے تاجروں نے ایم اے جناح روڈ پر واقع مارکیٹوں میں رات کے اوقات میں چوری اور لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ’’تالا توڑ‘‘ گروپ سرگرمِ عمل ہوگیا ہے جو ایم اے جناح روڈ کی درجنوں دکانوں اور گوداموں سے لاکھوں روپے کا قیمتی سامان اور نقد رقوم چوری کرچکا ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے بتایا کہ تالا توڑ گروپ تالوں کی ڈپلی کیٹ چابیاں بنوانے اور چوکیداروں کو اسلحے کے زور پر بے بس کرکے منظم انداز میں لوٹ مارکررہے ہیں، اب تک دکانوں اور گوداموں سے لاکھوں روپے کا کپڑا، آٹو پارٹس، فرنیچر، ریڈی میڈ گارمنٹس، کاسمیٹکس، گھڑیاں اور دیگر سامان چوری کیا جاچکا ہے۔

رات کے وقت پولیس اہلکار حفاظت کے بجائے ناکہ لگاکر لوٹ مار میں مصروف ہوجاتے ہیں جس کا فائدہ اٹھاکر نقب زن مارکیٹوں میں چوریاں کرتے ہیں، تالا توڑ گروپ علاقہ آرام باغ، عیدگاہ، پریڈی اور رسالہ کی حدود میں آنیوالی مارکیٹوں میں چوریاں کررہا ہے۔

انھوں نے سیکیورٹی اداروں کے ذمے داران سے مطالبہ کیا کہ رات کے اوقات میں ڈیوٹیوں پر تعینات پولیس اہلکاروں پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور جرائم میں ملوث اہلکاروں کو کڑی سزادی جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ افسران کی توجہ بار بار اس جانب مبذول کروانے کے باوجود محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی، جرائم پیشہ افرادپولیس افسران و اہلکاروں پر حملہ کر رہے ہیں، حکومت تھانوں میں تربیت یافتہ اور ذمے دار افسران و اہلکاروں کی تقرری یقینی بنانے کے علاوہ رات کے وقت فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کی کارکردگی کو چیک کرے۔