لندن (جیوڈیسک) سائنس دانوں نے تجویز کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے وزن اور کمر کے گرد چڑھنے والی چربی کو کم کرنے کی جدوجہد میں مصروف لوگوں کو چاہیے کہ وہ دن میں دو بار پیٹ بھر کا کھانا کھائیں کیونکہ صبح کا بھاری ناشتہ اور دوپہر کا پلیٹ بھر کر کھانا وزن کو کنٹرول رکھنے اور خون میں شکر کی سطح برقرار رکھنے کے لئے اچھا ہوتا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مسلسل سنیک کھانے کی عادت کے مقابلے میں دن میں دو بار پیٹ بھر کر کھانا صحت کے لئے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ خاص طور پران لوگوں کے لیے جو ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہیں لیکن صحت مند لوگوں پر بھی اس عادت کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ایک تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ جن لوگوں نے پلیٹ بھر کر دو وقت کھانا کھایا انھوں نے زیادہ وزن کم کر لیا۔
محققین نے کہا ہے کہ یہ نتیجہ اس پُرانی کہاوت سے ملتا جلتا ہے جس میں ناشتے کو بادشاہ کی طرح دوپہر کے کھانے کو کسی شہزادے کی طرح اور رات کا کھانا کسی بھکاری کی طرح کھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ تازہ ترین مطالعہ اس مہینے میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے بعد پیش کیا گیا ہے۔
جس میں سنیک کھانے کی عادت کو بھرپور کھانا کھانے کے مقابلے میں صحت کے لئے انتہائی خراب قرار دیا گیا تھا۔ ڈچ محققین نے معلوم کیا ہے کہ شکر اور چکنائی پر مشتمل سنیکز دن میں کئی بار کھانا کمر کے گرد چربی اور جگر میں کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے لیکن بڑے کھانوں سے ایسا نہیں ہوتا ہے۔