ولنگٹن (جیوڈیسک) برینڈن میکلم ٹرپل سنچری سکور کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔
میکلم نے ٹیسٹ اننگز میں 300 رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے 24 کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے لئے ظہیر خان کی گیند پر جب چوکا مارا تو انہیں سٹیڈیم میں کھڑے ہو کر داد دی گئی۔ انہوں نے 23 سال قبل نیوزی لینڈ کے سابق بیٹسمین مارٹن کرو کی جانب سے 299 رنز کا سب سے زیادہ سکور بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
اس کے دو گیندیں بعد میکلم کی میچ بچانے والی تقریباً 13 گھنٹے کی میراتھون اننگز اس وقت اختتام پذیر ہو گئی جب وہ ظہیر خان کی گیند پر وکٹ کیپر مہیندرا سنگھ دھونی کو کیچ دے بیٹھے اور 302 رنز پر آئوٹ ہوئے۔
وہ بیٹنگ کے لئے اس وقت میدان میں آئے تھے جب نیوزی لینڈ کی 52 رنز پر 3 وکٹیں گر چکی تھیں اور انہیں بھارت کو دوبارہ بیٹنگ کرانے کے لئے 246 رنز مزید درکار تھے۔
94 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر ریسکیو مشن کو آگے بڑھانے کے لئے بی جے واٹلنگ ان کے ساتھ بیٹنگ کرنے کے لئے آئے جنہوں نے چھٹی وکٹ کے لئے 353 رنز کی ورلڈ ریکارڈ شراکت داری قائم کی۔
واٹلنگ کے آئوٹ ہونے کے بعد میکلم نے جیمی نیشام کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لئے 179 رنز کا اضافہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے نیشام کے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر 137 رنز پر ناقابل شکست رہنے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔