لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہا کہ ملک کو مزید کسی عدم استحکام اور انتشار سے بچانے کے لئے حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے میں سنجیدگی دکھائے۔ پاکستان پہلے ہی سنگین بحرانوں کی زد میں ہے۔ لاقانونیت، بے روزگاری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، معاشی بدحالی، اقربا پروری اور دہشتگردی جیسے مسائل ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ذاتی مفادات کو ملک وقوم کے مفادات پرقربان کرنے کا ہنر سیکھیں۔ انا اور ہٹ دھرمی کو ایک طرف رکھتے ہوئے پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے متحدہوکر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کرکے پوائنٹ سکورنگ کررہی ہے تو دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس بڑھا کر عوام کے ساتھ مذاق کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں رشوت خورایک مافیا کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔