بخارسٹ (جیوڈیسک) رومانیہ کے وزیر خزانہ ڈینیل چیٹویو نے گزشتہ روز مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے یہ اعلان انسداد رشوت ستانی حکام کی جانب سے رشوت لینے پر ان کی اہلیہ کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کے اعلان کے بعد کیا ہے۔
چیٹویو مخلوط حکومت میں نائب وزیراعظم بھی تھے انہوں نے کہا کہ میں نے نیشنل لبرل پارٹی میں اپنی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہمیں امسال دو انتہائی اہم انتخابات ،یورپی اور صدارتی انتخابات کا سامنا ہے۔
انہوں نے اس امر سے انکار کیا کہ ان کے استعفے کا ان کی اہلیہ سے منسوب سکینڈل سے کوئی تعلق ہے۔
گزشتہ ماہ انسداد رشوت ستانی پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ لورا چیٹویو کے خلاف ایک مالیاتی نگرانی والے ادارے کے ایک شعبے کی سربراہی کے دوران اپنی سابقہ پوزیشن کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رشوت وصول کرنے کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔