اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، شاہد خاقان کی پنجاب حکومت کو تنبیہ

 Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پی ڈی ایم جلسے کے حوالے سے پنجاب حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران سرکاری ملازم ہیں ذاتی ملازم نہیں، تمام لوگ نوکری کریں، جھوٹے مقدمے نہ بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو لاہور کا جلسہ تاریخی ہو گا، افسران اگر سیاست میں ملوث ہوں گے تو کل انہیں جواب دینا ہو گا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ پہلے نیب استعمال ہوا اب اینٹی کرپشن میدان میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز کو ہراساں کیا جا رہا ہے،گرفتاری کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں جب کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا اتفاق ہے کہ ملک آئین کے مطابق چلے۔