برج ٹاؤن (جیوڈیسک) ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی نے عمدہ آغاز فراہم کیا دونوں کے درمیان 155رنز کی شراکت قائم ہوئی قومی بلے بازوں کے سامنے ویسٹ انڈین گیند باز بے بس دکھائی دیئے۔ اظہر علی اور احمد شہزاد نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ احمد شہزاد دو بار آؤٹ ہوئے لیکن دونوں مرتبہ گیند نو بال ہو گئی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 155 کے اسکور پر گری جب احمد شہزاد 70 رنز بنا کر بیشو کا شکار بنے۔ دوسری وکٹ بابر اعظم کی گری جو بغیر کوئی اسکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔ گیبریل نے اپنی ہی گیند پر انکا کیچ پکڑا۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یونس خان تھے۔
یونس خان بھی کوئی سکور بنائے بغیر بیشو کا شکار ہو گئے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کے جواب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لئے ہیں۔ دوسرے دن کے کھیل میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی صرف 26 رنز کا اضافہ کر سکے۔
دوسرے دن کے کھیل کا ابھی آغاز ہی ہوا تھا کہ جیسن ہولڈر اپنے رنز میں بغیر کوئی اضافہ کیے بغیر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے بعد گزشتہ روز وکٹ پر جم کر کھیل پیش کرنے والے روسٹن چیز بھی میدان میں نہ ٹھہر سکے اور کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
محمد عامر کی گیند پر یونس خان نے ان کا کیچ لیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو نواں نقصان 312 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب دویندرا بشو صرف 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یہ وکٹ بھی محمد عباس کے حصے میں آئی۔ ویسٹ انڈیز کے آخری کھلاڑی جوزف کو یاسر شاہ نے بولڈ کیا جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں محمد عباس 4 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عامر 3، یاسر شاہ 2 اور شاداب خان ایک وکٹ حاصل کر سکے۔