لندن (جیوڈیسک) ہالی وڈ کی نامور اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب انجلینا جولی کا نام ان افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جنھیں اس برس ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ شاہی اعزاز ڈیم ہوڈ Dame سے نوازا گیا ہے۔ 2014ء کے لئے جاری کردہ سرکاری اعزازت کی فہرست میں اداکارہ انجلینا جولی کو ملکہ برطانیہ دوئم کی جانب سے اعزازی طور پر ‘ڈیم’ بنایا گیا ہے۔
اس طرح ہالی وڈ فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی وہ پہلی اداکارہ ہیں جنھیں برطانیہ کے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ انجلینا جولی کو یہ اعزاز جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد اور تنازعات کے دوران عصمت دری کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خلاف مہم چلانے اور دنیا کو اس حساس مسئلے سے متعلق آگاہی فراہم کرنے پر دیا گیا ہے۔
جولی نے شاہی اعزاز حاصل کرنے پر ممنونیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارجہ امور کے حوالے سے یہ اعزاز میرے لیے بہت زیادہ معنی رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مقصد کے لیے میں اپنی پوری ورکنگ لائف وقف کرنا چاہتی ہوں۔ میرے لیےعصمت دری کے متاثرین کے لیے کام کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ اس مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے شاید ایک عمر درکار ہو لیکن میں نے خود کو اس مقصد کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ چونکہ انجلینا جولی برطانوی شہری نہیں ہیں اس لیے انھیں ڈیم کے خطاب سے نہیں پکارا جا سکتا ہے۔
انھوں نے یہ خطاب اعزازی بنیادوں پر حاصل کیا ہے جسے وہ اپنے نام کے آخر میں استعمال کر سکتی ہیں۔ ینجلینا جولی ان دنوں برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے ہمراہ تنازعات کے دوران جنسی تشدد کے خاتمے کی چار روزہ عالمی کانفرنس کی مشترکہ صدارت کر رہی تھیں جہاں انھوں نے کانفرنس میں شریک سوسے زائد ملکوں کے نمائندوں کے سامنے عصمت دری جیسے ظلم کی روک تھام کے حوالے سے خطاب کیا۔
ملکہ الزبتھ دوئم کی جانب سے ہر سال ان کی سالگرہ کے موقع پر ایک ہزار سے زائد خواتین اور حضرات کو ان کی خدمات پر مختلف خطابات واعزازت سے نوازا جاتا ہے جن میں اپنے شعبوں میں نمایاں مقام رکھنے والی شخصیات کے علاوہ ایک بڑی تعداد میں ایسے برطانوی شہریوں کو بھی ان کی خدمات کے بدلے میں اعزازت سے نوزا جاتا ہے جنھیں ان کی لوکل کمیونٹی سے باہر زیادہ لوگ نہیں جانتے ہیں۔
برطانیہ اور دولت مشترکہ کے اعلیٰ ترین اعزازات ‘داموسٹ ایکسیلینٹ آرڈر آف دا برٹش ایمپائر’ سول اور فوجی ڈویڑنوں میں پانچ کلاسوں میں دی جاتا ہے جن میں قومی سطح پر خدمات انجام دینے والے مردوں کو’ نائٹ ہوڈ’ اور خواتین کو ان کی خدمات کے صلے میں’ ڈیم ہوڈ ‘ کے اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔