برطانیہ کے کئی علاقے ایک بار پھر طوفان اور سیلاب کی زد میں

Flood

Flood

لندن (جیوڈیسک) برطانیہ کے کئی علاقے ایک بار پھر طوفان اور سیلاب کی زد میں آنے کو ہیں۔ ساحلی علاقوں اور انگلینڈ بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ جمعہ سے اتوار تک شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ سیلاب کاخطرہ ظاہر کیا ہے۔ کارن وال کے جنوب اور مغرب میں رہائش پذیر افراد کو اس حوالے سے خصوصی وارننگ جا ری کی گئی ہے۔ ساؤتھ ویسٹ لندن میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور پہلے سے بارش کا پانی موجود ہونے کے سبب بعض علاقوں میں سیلاب بھی آسکتا ہے۔

ساحلی علاقوں کے افراد کو حکام نے ہدایت کی ہے کہ وہ بارش اور سیلابی پانی میں سفر سے گریز کریں۔ برسٹل میں دریائے Avon میں طغیانی کے سبب سیلابی ریلے سے آبادی متاثر ہو سکتی ہے اور اس صورت میں نظام مواصلات پر بھی اثر پڑیگا۔

سمر سیٹ کے علاقے میں فوج کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈیون، ڈورسیٹ اور ساؤتھ گلاسٹر شائر کے علاقے بھی رسک پر ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے فروری کے آغاز پر 136 فلڈ وارننگ اور 266 فلڈ الرٹس جا ری کیے گئے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ بعض مقامات پر جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

جنوری میں جس قدر بارش ہوئی ہے یہ برطانیہ میں 100 برس میں ایسا پہلا موقع تھا اور فروری کے آخر تک جتنی بارش ہوگی یہ برطانیہ کی تاریخ میں موسم سرما کی سب سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔