برطانیہ میں سمندری طوفان سے تباہی، پاکستانی خاتون سمیت 15 افراد ہلاک

 Hurricane

Hurricane

لندن (جیوڈیسک) سمندری طوفان سینٹ جیوڈ نے برطانیہ اور جرمنی میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں پاکستانی خاتون سمیت پندرہ افراد ہلاک ہو گئے، لاکھوں گھروں کو بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔

برطانیہ اور مغربی یورپ کے ساحلی علاقے تاریخ کے بد ترین طوفان کی زد میں ہیں،سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے سیکڑوں مکانوں کی چھتیں اڑا دی ہیں۔درخت گرنے سے درجنوں کاریں تباہ اور کئی افراد زخمی ہو گئے، مسلسل بارشوں سے کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہونے سے انگلینڈ کے علاقے کینٹ میں نیو کلیئر پاور پلانٹ کے دو ری ایکٹرز بند ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق سینٹ جیوڈ سے برطانیہ،جرمنی اور ڈنمارک میں مختلف حادثات میں 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ درخت گرنے سے ایک پاکستانی خاتون بھی ہلاک ہو گئی، برطانوی وزیراعظم نے طوفان سے شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔