اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانیہ اور صوبہ پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق، برطانیہ 2019 تک پنجاب کے ترقیاتی پروگراموں کےلئے 100ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اسلام آباد وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے برطانیہ کی بین الاقومی ترقی کی وزیر جسٹن گرینگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ پروگرام کے تحت پنجاب میں 33 لاکھ بچے مستفید ہوں گے۔
برطانیہ تعلیم، صحت دونوں شعبوں میں پنجاب کی مدد کریگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے شعبے میں بھی پنجاب کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ برطانیہ 2019 تک پنجاب کے ترقیاتی شعبے میں 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برطانیہ 2015 تک ایک لاکھ 35 ہزار مرد وخواتین کو تربیت دے گا۔ برطانوی امداد سے 45 ہزار نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ ریاضی اور انگلش کے اساتذہ کی تربیت بھی کریگا۔ معاہدے سے پاکستان میں روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔