لندن (جیوڈیسک) کبھی کبھی معمولی کیڑے مکوڑے کتنے خطرناک ہوجاتے ہیں اس کا مظاہرہ نظر آیا برطانیہ میں جہاں ایک چھوٹی سی مکڑی نے خاتون کی انگلی پر کاٹ لیاجس سے پھیل جانے والا زہر ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن گیا اور مجبوراً ان کی انگلی کاٹنا پری۔
برطانیہ کے علاقے کنٹری درہم کی رہائشی خاتون آندریا ویلس اپنے گھر کے لان میں بچوں کے ساتھ بیٹھی تھیں کہ اچانک ایک مکڑی نے ان کی انگلی پر کاٹ لیا، مکڑی کے کاٹتے ہی ویلس کی انگلی سوجھ گئی اور انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی انگلی کے 14 آپریشن ہوئے، ڈاکٹر کاکہنا تھا کہ زہر نے ویلس کے دل کی جانب بڑھنا شروع کر دیا تھا تاہم اس پر فوری طور پر قابو پا لیاگیا لیکن بدقسمتی سے ویلس کی انگلی نہیں بچائی جاسکی۔
ویلس کا کہنا تھا کہ مکڑی کے کاٹنے کی تکلیف اتنی زیادہ تھی کہ انہیں کسی پل چین نہیں مل رہا تھا اور انگلی بھی سوجھ کر سیاہ پڑ گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ کسی خوفناک فلم کے منظر سے کم نہ تھا اورمجھے لگ رہا تھا اب صرف موت کا انتظار کرنا چاہئے۔
برطانیہ میں پائی جانے والی اس مکڑی کو بلیک ونڈو اسپائڈر کہا جاتا ہے اوریہ انتہائی زہریلی ہوتی ہے اس میں نیکروٹائزنگ فیسیٹیز جیسا زہر پایا جاتا جس کے باعث یہ مکڑی گوشت بھی کھا سکتی ہے۔