برسلز (پ۔ر) بلجیم میں مقیم ممتاز کشمیری رہنماء سید اظہر حسین شاہ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ ریفرنڈم کے دوران برطانیہ کے یورپی یونین (ای یو) میں رہنے کے حق میں ووٹ دیں۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے ریفرنڈم جمعرات 23 جون کو ہو گا۔
سید اظہرحسین شاہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ یورپی پارلیمنٹ میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ (ایم ای پیز) نے ہمیشہ کشمیرکاز کی حمایت کی ہے اور اسی لیے برطانیہ کا یورپی یونین میں رہنا کشمیریوں کے بہترین مفاد میں ہے۔ یہ ریفرنڈم بہت اہم ہے اوربرطانیہ کا یورپی یونین میں رہناہی کشمیریوں کے لیے مفید اور کارگار ہو گا۔
گذشتہ دس سالوں سے برطانیہ سے رکن یورپی پارلیمنٹ (ایم ای پی) ڈاکٹرسجادکریم کشمیریوں کے حقوق کے لیے آوازبلند کررہے ہیں۔جب سے راجہ افضل خان برطانیہ سے ایم ای پی بن کر یورپی پارلیمنٹ آئے ہیں، وہ بھی کشمیرکے حوالے سے فعال کردار اداکررہے ہیں۔
زیادہ تر برطانیہ سے اراکین ای یو پارلیمنٹ کشمیرکاز کی حمایت کرتے ہیں لیکن اگربرطانیہ یورپی یونین سے نکل جاتاہے تو پھر کشمیری یورپی پارلیمنٹ میں برطانیہ کی حمایت سے محروم ہوجائیں گے۔ یہی کشمیریوں کا مفادہے کہ وہ اس ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لے کربرطانیہ کے ای یومیں رہنے کے حق میں ووٹ دیں۔