لندن (جیوڈیسک) برطانوی وزاتِ دفاع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملک کی فضائی حدود کے قریب دو روسی جنگی جہازوں کو روکنے کیلئے برطانوی جنگی جہازوں نے کارروائی کی ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب برطانیہ میں نیٹو افواج کی مشقیں جاری ہیں۔ وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ روسی جہازوں کے برطانوی فضائی حدود کے قریب آنے پر انہیں روکنے کیلئے ٹائفون جنگی جہازوں کو کارروائی کیلئے بھیجا گیا۔
بی بی سی کے دفاعی نامہ نگار جوناتھن بیل کے مطابق روکے جانے والے روسی طیارے بیئر بمبر تھے۔ روسی وزارت دفاع نے ابھی تک اس واقعہ کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔