اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ائیر ویز نے 11 سال بعد پاکستان میں سروس دوبارہ بحال کر دی۔
240 مسافروں کو لے کر برٹش ائیر ویز کی پہلی پرواز بی بی اے 261 لندن سے اسلام آباد پہنچی جہاں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد استقبال کے لیے موجود تھے۔
برٹش ائیر ویز کی ہفتہ وار 3 پروازیں لندن سے اسلام آباد آئیں گی جس کے آپریشن کے لیے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔
سال 2008 میں میریٹ ہوٹل حملے کے بعد برطانوی ائیر لائنز نے پاکستان سے اپنے تمام دفاتر اور فضائی آپریشن ختم کردیے تھے تاہم 2018 میں برٹش ائیر ویز انتظامیہ کی جانب سے فلائٹ آپریشن کی بحالی اور مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کیا گیا۔
لندن اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پروازوں سے برٹش ایئرویز پی آئی اے کو ہی نہیں بلکہ خلیجی ائیر لائنز کے لیے بھی مقابلے کی فضا پیدا کرے گی۔