پیرس (جیوڈیسک) برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد دیگر یورپی ممالک کی بھی تنظیم سے نکلنے کی آوازیں بلند ہونے لگیں، فرانس، ہالینڈ اور آسٹریا کے سیاسی رہنماؤں نے ریفرنڈم کروانے کا مطالبہ کر دیا۔
برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد اٹھائیس رکنی اس تنظیم کے اتحاد کو خطرہ لاحق ہو گیا۔
فرانس میں دائیں بازوں کی جماعت کی سربراہ میرین لی پین نے ٹویٹ کی کہ “آزدی کی جیت” اور کہا کہ فرانس کو بھی اب یہ حق ہے کہ وہ اس بارے میں فیصلہ کرے ۔ مس لی پین فرانس میں 2017 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی امیدوار بھی ہیں۔
ہالینڈ کے سیاسی رہنما گریٹ ویلڈر نے ایک بیان میں کہا ان کا ملک بھی خود مختار ہونا چاہئے ، ان کی اپنی سرحد ، پیسہ اور امیگریشن پالیسی ہونی چاہئے۔
آسٹریا کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے اخراج کے باوجود یورپی یونین قائم رہ سکے گا ، لیکن اس نتیجے کے دوسرے ممالک پر ہونے والے اثرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔