اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ کے حکام نے بورس جانسن کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ مشیر خارجہ سرتاج عزیزکےساتھ باضابطہ مذاکرات بھی کریں گے۔دونوں رہنما ؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کی جائے گی۔
برطانوی وزیر خارجہ پاکستان کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے،بورس جانسن کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ لاہور بھی جائیں گے، وہ دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے ملاقاتوں کے علاوہ بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ اور شاعر مشرق علامہ اقبال پر جائیں گے۔
برطانوی وزیر خارجہ کی لاہور آمد پر سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت ایک اجلاس بھی منعقدہوا جس میں ڈی سی او لاہور محمد عثمان ہوم سیکرٹری پنجاب ،آئی جی پولیس پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں برطانوی وزیر خارجہ کے دورہ لاہورکے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔