لندن (جیوڈیسک) اسرائیل کو آئینہ دکھانا برطانوی رکن پارلیمنٹ کو مہنگا پڑ گیا۔
فلسطینیوں کے حق میں سماجی ویب سائیٹ پر لکھنے پر لبرل ڈیموکریٹ کے ڈیوڈ وارڈ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ پارٹی ارکان نے رکن کے بیان پر انھیں جماعت سے نکالنے کامطالبہ کر دیا۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیوڈ وارڈ نے سماجی ویب سائیٹ پر لکھا کہ اگر وہ فلسطین میں رہتے تو وہ بھی اسرائیل پر راکٹ حملہ کرتے۔
یہ بیان سامنے آنا تھا کہ ان پر تنقید کی بارش ہوگئی،،کچھ لوگوں نے پارٹی لیڈر اور نائب وزیر اعظم نک کلیگ سے ڈیوڈ کو نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ارکان کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ کا یہ بیان لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے مترادف ہے۔
دوسری جانب لبرل ڈیموکریٹ پارٹی نےڈیوڈ وارڈ کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔