لندن (جیوڈیسک) برطانوی دارالعوام کے رکن جارج گیلوے نے حامد میر پر حملے کی مذمت اور پاکستان میں صحافیوں کے عدم تحفظ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، بریڈ فورڈ سے رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ خدا کے فضل سے حامد میر کی جان بچ گئی ورنہ دشمنوں نے ان کی جان لینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، حامد میر پر حملہ کراچی میں جاری خونریزی میں ایک اور اضافہ ہے، انہوں نے کہا کہ حامد میر پر بزدلانہ حملہ آزادی صحافت پر ، جمہوریت پر اور اظہار رائے کی آزادی کے اس حق پر حملہ ہے جس کے بغیر پاکستان مسائل کی دلدل سے نکل نہیں سکتا۔
جارج گیلوے نے کہا کہ جب پارلیمنٹ کی چھٹیاں ختم ہوں گی توفارن آفس سے بات کریں گے۔ ہلال پاکستان اور ہلال قائد اعظم کے اعزازات رکھنے والے برطانوی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستان سے ان گہرا تعلق ہے جو چار عشروں پر محیط ہے، وہ جانتے ہیں کہ اس گھناونی سازش کے پیچھے کس کا ہاتھ ہوسکتا ہے مگر اس کے باوجود وہ چاہتے ہیں کہ صاحبان اقتدار یہ بتائیں کہ یہ بزدلانہ حملہ کس کے حکم پر ہوا؟ پاکستان کے تمام دوست ان سوالات کے جواب جاننا چاہتے ہیں۔