اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ڈیلی میل ومیل آن لائن کے خلاف شہباز شریف کے ہتک عزت کے مقدمے میں دونوں فریق اپنے وکلا کے ذریعے عدالت سے باہر مصالحت میں ناکام ہو گئے جس کے بعد اب دونوں کے درمیان مقدمے کا فیصلہ اب عدالت میں ہو گا۔
ڈیلی میل نے صحافی ڈیوڈ روز کی خبر پر جس میں شہباز شریف پر 2005 کے زلزلہ زدگان کے فنڈ میں خورد برد کاالزام عائد کیا گیا تھا، اب تک اس پر کوئی تبصرہ شائع نہیں کیاہے لیکن ڈیوڈ روز نے ٹوئٹر پر اپنی خبر کا دفاع کیاہے۔
شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیاہے کہ برطانوی اخبار کے پبلشر نے ہتک عزت کے دعوے سے قبل بھیجے گئے قانونی نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا۔
ان کاکہناہے کہ ڈیلی میل نے گزشتہ ماہ کہاتھا کہ وہ 22اگست یا اس سے قبل ہمارے قانونی نوٹس کا جواب دے گا جب کہ صحافی ڈیوڈ روز نے17 اگست کو ٹوئٹ کیاتھا کہ وہ جلد ہی جواب دیں گے لیکن ہمارے وکلا کو ابھی تک ڈیلی میل کی جانب سے ان کے دفاع میں میرے خلاف کوئی موثر جواب نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل نے کہاتھا کہ مجھے جلد از جلد جواب ملے گا لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ جواب کب ملے گا۔
ڈیلی میل کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ ادارے کو شہباز شریف کے وکلا کی جانب سے 2 خطوط ملے ہیں اور ان کے وکلا جواب تیار کررہے ہیں۔
نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈیوڈ روز نے اپنی خبر کادفاع کیا اور کہاکہ میل گروپ نے شہباز شریف کےخط کاجواب دے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے شہباز شریف کے وکلا کوکئی روز قبل ہی جواب دے دیا تھا غالباً وہ انھیں بتانا بھول گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کومسترد کرتے ہیں کہ ہماری خبر جیسا کہ بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ جعلی اور من گھڑت تھی، ڈیوڈ روز نے کہاکہ شہباز شریف کے وکلا یہی نہیں بتاسکے کہ انھیں اس خبر کے کس حصے پر اختلاف ہے۔
شہباز شریف کے وکلا کی ٹیم کا کہناہے کہ ڈیلی میل نے پہلے خط میں مزید وقت طلب کرنے کے بعد کوئی جواب نہیں دیا، جب ان سے سوال کیاگیا کہ کیا ڈیلی میل کو یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کو خبر کے کس حصے پراعتراض ہے، تو شہباز شریف کی قانونی ٹیم نے بتایا کہ ہتک عزت کی 12 مثالیں دی گئی ہیں جو غلط ،توہین آمیز اور بے بنیاد ہیں۔
ڈیلی میل نے الزام عاید کیاتھا کہ شہباز شریف اور ان کی فیملی نے پاکستان کو زلزلہ زدگان کی امداد اور تعمیر نو اتھارٹی کو دی جانے والی برطانوی ٹیکس دہندگان سے حاصل کی گئی رقم سے دی گئی امداد چرائی تھی، یہ اتھارٹی 2005 میں پاکستان کے زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے قائم کیا گیا تھا ڈی ایف آئی ڈی نے میل آن سنڈے کے اس دعوے کی تردید کی تھی کہ اس رقم کو خورد برد کیاگیا اور شہباز شریف اور ان کی فیملی نے اس کی لانڈرنگ کی ڈی ایف آئی ڈی نے اس تاثر کی تردید کی تھی کہ برطانیہ کے ٹیکس دہندگان کی زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے دی جانے والی رقم چرائی گئی تھی۔
ڈی ایف آئی ڈی نے کہا تھا کہ ہمارے انتہائی قوی سسٹم کے تحت برطانوی ٹیکس دہندگان کی رقم کو فراڈ سے محفوظ رکھا جاتا ہے ،ایک بیان میں ڈی ایف آئی ڈی کے ترجمان نے کہا کہ اس دور میں ایرا کو دی جانے مالی امداد کی ادائیگی نتائج کی بنیاد پر تھی اس کے معنی یہ ہیں کہ ہم نے رقم متعلقہ کام کی تکمیل کے بعد ادا کی، جس میں بنیادی طورپر اسکولوں کی تعمیر شامل تھی یہ کام مکمل کیاگیا ،اس کام کا آڈٹ کرایا اور تصدیق کی گئی۔