ترکی (جیوڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے لندن میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم برطانوی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور ہلاک ہونے والے کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں ۔ ترکی عالمی امن اور سلامتی کے لیے شدید خطرہ بننے والی دہشت گردی کیخلاف جدو جہد میں برطانیہ کے ساتھ ہے۔
وزیر اعظم بن علی یلدرم نے بھی لندن میں پیش آنے والے اس افسوسناک حملے کی وجہ سے وزیر اعظم تھریسا مئے کوبھی تعزیتی پیغام ارسال کیا۔ انھوں نے اس مذموم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے دکھ درد کو دل کی گہرائیوں سے محسوس کرتے ہیں ۔ اس حملے سےدہشت گردی کیخلاف عزم کیساتھ جدوجہد کو جاری رکھنے کی حقیقت ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
یورپی یونین کے وزیر اور چیف نیگوشیٹر عمر چیلیک نے بھی لندن حملے کی مذمت کرتے ہوئے برطانیہ کے یورپی یونین کے امور کے وزیر کو اظہار یکجہتی کا پیغام دیا ۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی تمام ممالک کے لیے سنجیدہ خطرہ ہے ۔دہشت گرد تنظیموں کے خلاف امتیاز کیے بغیر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر انصاف بیکر بوزداع نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردی تمام ممالک اور عالم انسانیت کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
صدر کے ترجمان ابراہیم قالن نے بھی لندن حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور برطانیہ کے ساتھ ہے۔
وزارت خارجہ کیطرف سے جاری اعلان میں لندن حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسطرف توجہ دلائی گئی ہے کہ ترکی دہشت گردی اور تشدد کے خلاف عالمی برادری اور حلیف ممالک کیساتھ یکجہتی کو عزم کیساتھ جاری رکھے گا۔