برطانوی پولیس نے گوگل ارتھ کی مدد سے پاکستان میں بنایا گیا بکنگھم پیلس ڈھونڈ نکالا ہے

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) برطانوی پولیس نے گوگل ارتھ کی مدد سے پاکستان میں بنایا گیا بکنگھم پیلس ڈھونڈ نکالا ہے جو کہ دراصل فراڈ کے ذریعے برطانیہ سے بھاری رقوم پاکستان لانے والے سزا یافتہ مجرم کی کارستانی ہے۔

برطانوی اخبار ”ڈیلی سٹار“ کے مطابق محمد سلمان خان نامی شخص سالانہ 3 لاکھ برطانوی پاﺅنڈ (تقریباً ساڑھے 4 کروڑ پاکستانی روپے) کماتا تھا لیکن اس نے خود کو بے روزگار ظاہر کررکھا تھا۔ وہ برمنگھم کے علاقے موسیلی میں تقریباً ساڑھے 7کروڑ پاکستانی روپے کی مالیت کے گھر میں رہتا تھا اور بی ایم ڈبلیو گاڑی کا مالک تھا۔ اس کے ہمسایوں نے اسے مشکوک جان کر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سلمان خان اپنی آمدنی کو خفیہ رکھنے کے علاوہ ٹیکس اور نیشنل انشورنس کی عدم ادائیگی کے جرائم میں بھی ملوث تھا اور اسے چار سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس نے برطانیہ سے چرائی گئی رقم کے ذریعے پاکستان میں برطانوی شاہی خاندان کے بکنگھم پیلس سے ملتا جلتا محل تعمیر کیا جس میں برطانوی پولیس کے مطابق درجنوں کمرے، سرونٹ کوارٹرز، سینما، انڈر گراﺅنڈ پارکنگ اور گارڈ رومز ہیں۔ سلمان خان کو لوٹی گئی رقم واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور اگر یہ ممکن نہ ہوا تو اس کی قید میں دس سال کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

Buckingham Palace

Buckingham Palace