برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ آج سے پاکستان کے دورے پر

Prince William and Prince Kate

Prince William and Prince Kate

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ کے پرنس ولیم اور پرنسس کیٹ آج پیر چودہ اکتوبر کو پاکستان کے ایک دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ یہ برطانوی شاہی خاندان کے رکن کسی بھی جوڑے کا گزشتہ ایک عشرے سے بھی زائد عرصے میں پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ڈیوک آف کیمبرج ولیم اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور ان کا اسلام آباد پہنچنے پر ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا۔ اس پانچ روزہ دورے کے لیے پاکستانی فوج کی نگرانی میں خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس دورے کے بارے میں لندن میں اس شاہی جوڑے کی سرکاری رہائش گاہ کینسنگٹن پیلس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ”اگر سکیورٹی اور دیگر سفری انتظامات کو دیکھا جائے، تو یہ ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج کا آج تک کیا جانے والا سب سے پیچیدہ دورہ ہے۔‘‘

بیان کے مطابق، ” اس دورے کے دوران یہ شاہی جوڑا پاکستان اور برطانیہ کے مابین تاریخی روابط کے لیے احترام کا اظہار تو کرے گا ہی لیکن ساتھ ہی اس دورے کی خاص بات یہ ہو گی کہ اس دوران آج کے پاکستان پر زیادہ توجہ دی جائے گی، جو ایک متحرک، پرجوش اور مستقبل کی طرف پرامیدی سے دیکھنے والا ملک ہے۔‘‘

اپنے اس دورے کے دوران یہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستانی صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملے گا اور کئی شعبوں میں نوجوانوں کی شرکت کے ساتھ اہتمام کردہ مختلف پروگراموں میں بھی حصہ لے گا۔

پاکستان میں اپنے قیام کے دوران پرنس ولیم اور پرنسس کیٹ تقریباﹰ ایک ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے کئی سفر بھی کریں گے اور اسلام آباد کے بعد صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور جانے کے علاوہ ملک کے شمال میں چترال کے پہاڑی علاقے اور مغرب میں سرحدی علاقے دیکھنے بھی جائیں گے۔

پرنس ولیم اور پرنسس کیٹ سے قبل پاکستان کا دورہ کرنے والا گزشتہ برطانوی شاہی جوڑا پرنس ولیم کے والد پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا تھے، جنہوں نے 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس سے قبل پرنس ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا نے بھی 1996ء میں پاکستان کا ایک دورہ کیا تھا۔ لیڈی ڈیانا اس وقت سابق پاکستانی کرکٹر اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے تعمیر کیے جانے والے کینسر ہسپتال کے لیے مالی عطیات جمع کرنے کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے پاکستانی آئی تھیں۔

اس کے علاوہ برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی بھی 1961ء اور 1997ء میں پاکستان کے سرکاری دورے کر چکی ہیں۔