برطانوی فوجی کتیا کو اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ دینے کا فیصلہ

London

London

لندن (جیوڈیسک) افغانستان میں جنگ کے دوران ہلاک ہونے والی برطانوی فوجی کتیا کو جانوروں کے اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

افغانستان میں جنگ کے دوران اپنے ہینڈلر کے ساتھ ہلاک ہونے والی برطانوی فوج کی 4 سالہ ساشا نامی لیبراڈور کتیا کو متعدد فوجیوں اور عام شہریوں کی جان بچانے پر جانوروں کے اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ افغان جنگ میں ساشا کی ذمہ داری مختلف علاقوں میں فوجیوں کے ساتھ جا کر بارودی سرنگوں کا سراغ لگانا اور فوجیوں کے لیے محفوظ راستوں کا تعین کرنا تھا۔

افغانستان میں جنگ کے دوران ساشا کو سیکنڈ بٹالین کے ساتھ تعینات رائل آرمی ویٹرنری کور کے ہینڈلرز کے ساتھ میدانِ جنگ میں بھیجا جاتا تھا تاہم 24 جولائی 2008 میں معمول کی گشت کے دوران طالبان کی جانب سے فوجی قافلے پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں فوجی کتیا اور لانس کورپورل کینتھ رو مار ےگئے تھے۔

واضح رہے کہ ساشا کو پی ڈی ایس اے ڈکن میڈل دیا جائے گا جو جانوروں کے اعزازات میں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز وکٹوریہ کراس کے برابر ہے، 1943 میں اس ایوارڈ کے قیام کے بعد سے اب تک ساشا 65 ویں جانور ہے جسے اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔