اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار برطانوی ٹی وی پروگرام میں انٹرویو میں جائیدادوں سے متعلق میزبان کے تُند و تیز سوالات پر بوکھلا گئے۔
گزشتہ دنوں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی ٹی وی پروگرام ’ہارڈ ٹاک‘ میں شرکت کی اور میزبان کے تندو تیز سوالوں کے جوابات دیے۔
انٹرویو میں جائیدادوں سے متعلق میزبان کے تُند و تیز سوالات پر وہ بوکھلا گئے تھے، کبھی کھانسے، کبھی ہونٹوں پر زبان پھیری، کبھی گھبرائے، کبھی بوکھلائے ، کبھی ہکلائے اور ایک کے بعد ایک پوچھے گئے سوال کے جواب میں کبھی صرف ’نو‘ کہا تو کبھی سر ہلانے پر اکتفا کیا۔
اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ ان کی پاکستان میں صرف ایک جائیداد تھی جو حکومت نے چھین لی، بیٹوں کا دبئی میں ایک ولا ہے، وہ وہاں 17 سال سے کاروبار کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیرخزانہ کے برطانوی ٹی وی کو انٹرویو پر وزراء کی جانب سے طنز و تنقید کی جارہی ہے جبکہ اس انٹرویو کے بعض حصے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیے گئے ہیں۔